صوبائی وزیر خزانہ و پارلیمانی امور پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن کی میانوالی کے شہر ماڑی انڈس آمد۔
صوبائی وزیر نے انجمن سماجی بہبود کے زیر اہتمام الفجر انسٹیٹیویٹ ماڑی انڈس میں 100اجتماعی شادیوں کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب کے منتظم سرپرست انجمن سماجی بہبود و ممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ سید افتخار حسین نقوی تھے۔ اس موقع پر سابق ایم پی اے و ممبر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ کمیٹی میانوالی ملک فیروز جوئیہ، سابق ایم پی اے علی حیدر نورخان، اسسٹنٹ کمشنر عیسیٰ خیل غلام مرتضیٰ و علاقہ کی دیگر سیاسی و سماجی شخصیات موجود تھیں۔ صوبائی وزیر خزانہ و پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمن نے اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب میں شریک ہوکر خوشی محسوس کر رہا ہے کہ اس ملک و ضلع کے اندر علامہ سید افتخار حسین نقوی جیسی شخصیات بھی موجود ہیں جو انسانیت کی دن رات خدمت کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اجتماعی شادیوں کے علاوہ دیگر سماجی خدمات پینے کے صاف پانی، غریب اور مستحق افراد کو روزمرہ اشیاء پر مشتمل راشن، رمضان پیکج وغیرہ بھی فراہم کرتے ہیں جو کہ قابل تحسین و قابل فخر بات ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے بھی دھی رانی پروگرام کے تحت غریب و مستحق بچیوں کے لیے شادیاں کرانے کا پروگرام ترتیب دیا ہے جس سے غریب بچیوں کو جہیز و سلامی کی مد میں لاکھوں روپے دیئے جائیں گے۔ اس موقع پرسرپرست اعلی انجمن سماجی بہبود و ممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ سید افتخار حسین نقوی نے کہاکہ 1982سے ہم نے اس علاقہ میں چھوٹے سے تعلیمی و دینی ادارے کی بنیاد رکھی اور فلاح و بہبود کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جس وجہ سے ڈونر اداروں نے ہم پر اعتماد کیا اور شروع میں ہم نے پانچ اجتماعی شادیاں کرائیں جس کا دائرہ کار بڑھتے بڑھتے ایک سو اجتماعی شادیوں تک پہنچ گیا ہے اور ان شادیوں میں ہر مسلک و مذہب کے جوڑے شامل ہوتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم مذہب سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کو ترجیح دی ہے۔ اجتماعی شادیوں کی تقریب میں اہلسنت، اہل تشیع،دیو بند،اہلحدیث اور عیسائی مسلک کے جوڑے شامل ہوئے۔ اجتماعی شادی کی تقریب میں ہر دلہن کو تقریبا ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کا جہیز دیا گیا جس میں ضروریات زندگی کی تمام اشیاء شامل تھیں۔
٭٭٭٭






.jpeg)